اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں جعلی آن لائن ملازمتوں اور ڈیجیٹل فراڈ کے خلاف آگاہی مہم شروع کر دی ہے، جنہیں بھارتی انٹیلی جنس آپریشنز سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بھارتی ادارے پرکشش تنخواہوں کی پیشکش کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو حساس معلومات دینے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق بھارتی کمپنیوں کے نام پر جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پروفائلز تیار کر کے پاکستانی نوجوانوں کو جال میں پھنسایا جا رہا ہے۔ یہ جعلساز شہریوں کو ملازمت کی پیشکش کر کے اہم تنصیبات اور حساس اداروں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر اسکیمیں لنکڈ اِن، جاب گلف اور دیگر آن لائن پورٹلز کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں، جنہیں بھارت سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔ ان جعلی ملازمتوں کے بہانے پاکستانی شہریوں سے حساس منصوبوں کی تصاویر اور مقامات تک طلب کیے جا رہے ہیں۔
پی ٹی اے نے اب تک متعدد جعلی ویب سائٹس کو شناخت کرکے بلاک کر دیا ہے اور عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر حقیقی ملازمتوں کی پیشکش کرنے والے اداروں سے دور رہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایسی معلومات پاکستان کے خلاف استعمال کی جا سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ شہری دشمن کی پروپیگنڈا مہم اور سائبر جال سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پی ٹی اے کے مطابق عوامی شعور ہی غیر ملکی سائبر دراندازی کے خلاف پہلی دفاعی لائن ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos