نئے وزیر اعلی خیبر پختون کے انتخاب سے پہلے پی ٹی آئی اراکین ازاد قرار

اسلام آباد (امت نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی کو آزاد قرار دیتے ہوئے نئی فہرستیں جاری کردیں۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب صوبہ خیبرپختون میں پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلی نامزد کیا ہے اور انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل سے وابستہ تمام اراکین اب آزاد امیدوار تصور ہوں گے۔ یہ اقدام سپریم کورٹ کے 25 اگست 2025 کے فیصلے کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے جس کے بعد قومی اسمبلی سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ اسمبلی کی پارٹی پوزیشن بھی تبدیل ہوگئی۔

ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق آئندہ تمام سرکاری ریکارڈ میں ان ارکان کی وابستگی کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ظاہر نہیں کی جائے گی بلکہ انہیں آزاد حیثیت میں درج کیا جائے گا۔ نئی پارٹی پوزیشنز کی فہرستیں الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر جاری کردی گئی ہیں۔