وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو تحریک لبیک کی جانب سے غزہ کے حق میں احتجاج کی کال پر کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کردیا گیا جس کے باعث سرکاری و نجی دفاتر، اسکولوں اور عدالتوں میں حاضری معمول سے کم رہی جبکہ شہری شدید مشکلات سے دوچار ہوئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہ فیض آباد انٹرچینج کے مقام پر مکمل بند کردی گئی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ دفاتر جانے والے سرکاری و نجی ملازمین بر وقت نہ پہنچ سکے، جبکہ میٹرو بس اور فیڈر روٹس کی بندش نے شہریوں کو مزید پریشان کردیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور موٹرسائیکل سروس فراہم کرنے والوں نے من مانے کرائے وصول کیے۔
فیض آباد اور ریڈ زون کے مکمل سیل ہونے کے باعث سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں سائلین اور وکلاء نہ پہنچ سکے جس سے کیس ملتوی کرنا پڑے۔ اسی طرح اسکولوں میں بھی حاضری انتہائی کم رہی۔ اسپتال جانے والے مریضوں کو فیض آباد انٹرچینج کی بندش کے باعث شدید مشکلات پیش آئیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل راستے فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر اگلے حکم تک پابندی ہوگی۔ پولیس کے مطابق شہری پارک روڈ، ایکسپریس وے، لہتراڑ روڈ اور کھنہ کے راستے استعمال کریں، جبکہ ائیرپورٹ جانے والے سری نگر ہائی وے سے سفر کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos