نئی دہلی(امت نیوز)!افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بھارتی ریاست اتر پردیش میں دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا۔ اس موقع پر طلبا اور عوام کے ہجوم کے باعث بدنظمی پیدا ہوگئی، پولیس نے حفاظتی حصار ٹوٹنے پر لاٹھی چارج کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے اترپردیش کے معروف دینی ادارے دارالعلوم دیوبند پہنچنے پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کی آمد پر طلبا اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جس کے باعث بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ کے مطابق، حفاظتی حصار ٹوٹنے پر پولیس نے صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔امیر خان متقی نے دارالعلوم کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی، جمعیت علما ہند (الف) کے صدر مولانا ارشد مدنی اور دیگر علما سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران مفتی ابوالقاسم نعمانی نے افغان وزیر خارجہ کو حدیث کی سند بھی عطا کی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس وقت دارالعلوم دیوبند میں صرف 15 افغان طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔ ادھر افغان حکومت نے ایک علیحدہ بیان میں پاکستان کی جانب سے ڈیورنڈ لائن کے قریب بمباری کی مذمت کی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos