کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھ ٹینک، متعدد پوسٹیں اور ٹریننگ کیمپ تباہ کر دیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا ایک اہم کمانڈر مارا گیا جبکہ دہشت گرد گروہوں کے متعدد کارندے ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب افغان طالبان نے کرم سیکٹر میں پاک فوج کی چوکیوں پر فائرنگ شروع کی، جس کے جواب میں فوج نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے طالبان کی کئی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں شمشاد پوسٹ، نارگسر پوسٹ اور ترکمان زئی ٹاپ سمیت متعدد مقامات پر ٹینک پوزیشنز تباہ ہو گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طالبان کے چھ ٹینک بمعہ عملہ نشانہ بنا کر تباہ کیے، جن میں ایک ٹریننگ کیمپ کے قریب کھڑا ٹینک بھی شامل ہے۔ کارروائی کے بعد طالبان اور فتنہ الخوارج کے کارندوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنی لاشیں چھوڑ کر پوسٹوں سے بھاگ گئے۔
ذرائع کے مطابق پولسین پوسٹ کے سامنے خارجی ملک نعیم کے ٹریننگ کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ کارروائی کے دوران نظر آنے والی ویڈیوز میں تباہ شدہ ٹینکوں سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیے۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دشمن کے متعدد مراکز مکمل طور پر ناکارہ بنا دیے گئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos