متحدہ کی آشیرواد سے 40 اور 50 گز کے رہائشی پلاٹوں پر بھی میرج ہال تعمیر کیے گئے تھے، فائل فوٹو
متحدہ کی آشیرواد سے 40 اور 50 گز کے رہائشی پلاٹوں پر بھی میرج ہال تعمیر کیے گئے تھے، فائل فوٹو

اورنگی میں درجنوں شادی ہال ریڈار پر آگئے

محمد نعمان :
اورنگی ٹاؤن میں 50 سے زائد شادی ہالز، محکمہ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے ہیں۔

اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق، ایم کیو ایم کے دور میں رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی شادی ہالز تعمیر کیے گئے جن سے کے ایم سی اور ٹائون انتظامیہ ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ وصول کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ اورنگی ٹاؤن میں 40 سے 60 گز کے رہائشی پلاٹس پر بھی شادی ہال تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں چند روز قبل اینٹی کرپشن کی جانب سے ایک لیٹر جاری کیا گیا۔

لیٹر نمبر AD/ACE/WZ/AR/2025/5957 میں کہا گیا ہے کہ عوامی سہولیات کے پلاٹوں پر غیر قانونی شادی ہالز تعمیر کیے گئے ہیں، لہذا تمام دستاویزات کے ساتھ اینٹی کرپشن دفترمیں پیش ہوں۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری کردہ لیٹر میں اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 نمبر رحمت چوک پر الفیضان لان کو نوٹس جاری کیا گیا۔

اسی طرح اورنگی ساڑھے گیارہ نمبر عوامی چوک پر تعمیر ہونے والا بسم اللہ پیلس، ریاض موڑ پر صبا پیلس، ڈبا موڑ پر مہران لان، لال شہباز نگر میں قاسم شادی ہال ، زیڈ ٹو بس اسٹاپ کے پاس روشن بینکویٹ، ریاض موڑ پر قائم اسامہ بینکویٹ،ریاض موڑ پر مریم بینکویٹ، ون K اسٹاپ کے پاس قائم ال قیصر لان، اقبال مارکیٹ کے پاس فاؤنڈیشن کلب ، اسٹار بینکویٹ نزد ٹاؤن آفس، چاندنی چوک سیکٹر ساڑھے 11 کے پاس فاطمہ بینکویٹ، ایورگرین بینکویٹ ،گلشن ضیا کے علاقے میں شادی محل ، اسلام چوک عزیز نگر کے پاس پیراڈائز بینکویٹ، گلشن بہار میں فائیو اسٹار بینکویٹ، سیکٹر ساڑھے گیارہ مین روڈ پر شان مغلیاں ، کورین اسپتال کے پاس نور پیلس، غوثیہ چوک مین روڈ پر تارا پیلس، ون ایچ بس اسٹاپ کے پا س موہنی بینکویٹ، ڈبا موڑ پر نورانی بینکویٹ، سیکٹر 14جوہر چوک کے پاس ال فیضان میرج لان، سیکٹر 14 جی شاہ فیصل چوک کے پاس ال اشرف لان، غوثیہ پیلس اور ال وارث میرج لان کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

اسی طرح گلشن بہار مین روڈ پر قائم افشاں پیلس، اسلام چوک پر تاج محل، سیکٹر 13 جی شہانی میرج لان ، 13 جی کے پاس ال حبیب بینکویٹ، سیکٹر 13 ڈی میں ابن مصطفیٰ بینکویٹ، توحید کالونی میں پالکی لان ، فٹبال چورنگی بلاک ایل میں سلک لان ، توحید کالونی آئیڈیل لان ، انجم لان، ال صدف کالونی میں سمرن لان، سیکٹر 11سی میں ال شیخ بینکویٹ، فٹبال چورنگی پر علی بینکویٹ ، رائل لان، انجم پیلس، اسلام نگر میں لکی روز، نیا ناظم آباد کے اطراف سلیبریشن میرج لان، سیکٹر ساڑھے 11 میں رومان بینکویٹ، شایان پیلس، گلشن ضیا میں ہمسفر میرج لان ، مریم میرج حال اور اورنگی میرج گارڈن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں یہ شادی ہالز متحدہ دور میں تعمیر ہوئے۔ یہ شادی ہالز رہائشی پلاٹ یا پھر پارک کی زمین پر قبضہ کرکے بنائے گئے تھے۔ کئی سال سے یہ شادی ہالز قبضے کی زمین پر بنے ہوئے ہیں۔ کے ایم سی پروجیکٹ اورنگی ٹاؤن کے افسران نے ان شادی ہالز سے کئی بار نوٹسز جاری کرکے بھاری رشوت وصول کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی کے دور میں بھی غیر قانونی شادی ہالز تعمیر ہوئے، جنہیں جعلی لیز کے بعد اجازت نامہ جاری کردیا گیا۔ کے ایم سی کا عملہ ان شادی ہالز کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کرتا۔ اس کی بڑی وجہ ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ وصولی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں 40 سے 60 گز کے پلاٹوں کو بھی شادی ہال یا لان میں تبدیل کیا گیا ہے۔ سیکٹر ساڑھے گیارہ کی مرکزی سڑک پر ایسے شادی ہالز بھی دیکھے گئے ہیں جہاں سے 50 افراد کی تقریب کی گنجائش ہے۔ اب ان شادی ہالز سے کے ایم سی کے بجائے ٹائونز انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے بھی ہفتہ وار اور ماہانہ بھتہ وصول کررہے ہیں۔