بیجنگ: چین کے مشرقی صوبے ژیجیانگ کے شہر نینگبو میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے 1800 سال قدیم ڈریگن نما بھٹی دریافت کی ہے، جو مشرقی ہان خاندان (25 تا 220 عیسوی) کے دور سے تعلق رکھتی ہے۔
تحقیقات کے مطابق یہ بھٹی انتہائی محفوظ حالت میں ملی ہے اور اپنی ساخت و بناوٹ سے اُس دور کی اعلیٰ فنی مہارت اور مٹی کے برتن سازی کی قدیم تکنیک کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ مقام “گوٹانگ آؤ بھٹی کمپلیکس” کہلاتا ہے جو بیضی گاؤں، سی چینگ ٹاؤن شپ میں واقع ہے۔ دریافت شدہ بھٹی کی لمبائی 22 میٹر سے زیادہ ہے اور اس کی ساخت ڈھلوانی اور لمبی ہے۔ ایک سرے پر آگ جلانے کا خانہ جبکہ دوسرے سرے پر دھوئیں کے اخراج کا راستہ موجود ہے، اسی بنا پر اسے “ڈریگن نما بھٹی” کا نام دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق بھٹی کے ڈیزائن میں ہوا کے بہاؤ اور حرارت کی تقسیم کو نہایت باریکی سے مدِنظر رکھا گیا تھا۔ اس کی بناوٹ کا زاویہ 24 سے 28 ڈگری کے درمیان ہے تاکہ حرارت یکساں طور پر پورے حصے میں پھیل سکے۔ مزید یہ کہ بھٹی کے اندر کئی مرتبہ مرمت کے آثار بھی ملے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے کئی صدیوں تک استعمال کیا گیا۔
آثارِ قدیمہ کی ٹیم کو بھٹی کے اندر سے مٹی کے برتنوں کی بڑی تعداد ملی ہے جن پر سبز اور سیاہ رنگ کی چمک نمایاں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان برتنوں سے ثابت ہوتا ہے کہ اُس زمانے میں نینگبو کے کاریگر مٹی کے برتن بنانے میں غیر معمولی مہارت اور جدید تکنیک حاصل کر چکے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos