لاہور: پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی پر جلد پابندی لگائی جائے گی اور ہڑتال کے نام پر دکانیں یا کاروبار بند کرنا ناقابل قبول ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مارکیٹ یا ٹرانسپورٹ روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر اور دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ جماعت کے بعض رہنما تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کی فنڈنگ کا مکمل تعین کر لیا گیا ہے اور کوئی مالی سہولت نہیں دی جا رہی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسلحہ کے نئے لائسنس جاری نہیں ہوں گے اور انتہا پسند عناصر کی تشہیر پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے اور انہیں باعزت طریقے سے منتقل کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ ریاست سے ٹکرانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور حکومت شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos