وفاقی پولیس کے ایس پی عدیل اکبر کی خودکشی کا معاملہ،متعدد پہلو سامنے آ گئے

اسلام آباد،(اُمت نیوز)وفاقی پولیس کے ایس پی عدیل اکبر کی خودکشی کے واقعے نے پولیس افسران اور عوامی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا۔ وہ پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن کے افسر اور اپنے بیچ کے ٹاپر تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی عدیل اکبر کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی ہے۔

انہیں تین روز قبل ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم بیماری کے باوجود وہ مسلسل ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔

ذرائع کے مطابق عدیل اکبر نے طبی حالت کے باعث متعدد بار چھٹی کے لیے درخواست دی تھی، مگر وہ کام کے دباؤ کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

ایس پی عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی آئی نائن تعینات تھے۔

پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اعلیٰ افسران نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔