عمران خان کی اپنے خلاف مقدمات یکجا کرنے کی درخواست عدم پیروی پر خارج
عمران خان نے 2023 میں یہ درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں درج مقدمات کو یکجا کیا جائے
لاہور ہائی کورٹ نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی اپنے خلاف درج تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔
سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ عمران خان پر کتنے مقدمات درج ہیں، جس پر بتایا گیا کہ ان کے خلاف 107 مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث درخواست کو خارج کر دیا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے 2023 میں یہ درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں درج مقدمات کو یکجا کیا جائے تاکہ کارروائی منصفانہ انداز میں آگے بڑھ سکے۔