اسلام آباد: متنازع ٹویٹس کے مقدمے میں سماجی کارکن وکیل ایمان مزاری کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ۔
اسلام آباد کی ایک عدالت نے بدھ کو ایمان مزاری اور ان کے شوہر ایڈووکیٹ ہادی علی چٹھہ کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی اور ہادی علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، جس کے بعد عدالت سے نکلتے ہی انھیں گرفتارکر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ہادی علی چٹھہ کو گرفتار کرکے کل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اس عدالتی حکمنامے کے بعد جیسے ہی سماعت کے بعد وہ کمرہ عدالت سے باہر نکلے تو انھیں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے اہلکاروں نے ہتھکڑی لگا کر گرفتار کرلیا۔
دونوں ملزمان پر یہ الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے لسانی بنیادوں پر تقسیم کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا تھا کہ انھوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لاپتہ افراد کے معاملات کی ذمہ داری سکیورٹی فورسز پر عائد کی تھی۔ یہ مقدمہ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام کے ایکٹ (پیکا) کی دفعات 9، 10، 11 اور 26 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 30 ستمبر کو جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کے خلاف ان کی غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos