پاکستان افغانستان جنگ بندی برقرار رکھنے پر متفق، مشترکہ اعلامیہ جاری

پاکستان اور افغانستان نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کرلیا ہے۔ استنبول میں 25 سے 30 اکتوبر تک ہونے والے مذاکرات کے بعد ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیہ ترکی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق مذاکرات کا مقصد دوحہ میں 18 اور 19 اکتوبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مضبوط بنانا تھا۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی جاری رکھی جائے گی اور اس کے نفاذ کے طریقہ کار پر 6 نومبر کو استنبول میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام فریق امن کے تسلسل کو یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والے فریق پر سزا عائد کرنے کے لیے ایک نگرانی اور توثیق کا نظام وضع کریں گے۔

ترکیہ اور قطر نے ثالث کے طور پر دونوں ممالک کی فعال شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔