لاہوردوبارہ دنیا کےآلودہ ترین شہروں میں سرِفہرست،بارش سے بہتری کی امید

لاہور ایک بار پھر شدید سموگ کی لپیٹ میں آگیا ہے اور فضائی آلودگی کے باعث دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست رہا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 372 تک پہنچ گیا جبکہ بعض علاقوں میں صورتحال مزید تشویشناک رہی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں اے کیو آئی 587، گلبرگ میں 581، لوئر مال پر 552 اور ڈی ایچ اے میں 478 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس سے فضائی آلودگی میں واضح کمی متوقع ہے۔ لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 16 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی آلودگی کی صورتحال سنگین ہے۔ گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 280، فیصل آباد 251، ملتان 210، سیالکوٹ 184 اور پشاور میں 196 ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات نے سموگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ آلودگی پھیلانے والے متعدد صنعتی یونٹس منہدم، فیکٹریاں سیل کر دی گئیں جبکہ 41 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز فعال کر دیے گئے ہیں۔ ڈرون اسکواڈز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں اور سموگ فری زونز قائم کیے جا چکے ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ صاف فضا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت پائیدار اقدامات کے ذریعے سموگ کے مستقل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔