پنجاب حکومت نے سموگ کی بڑھتی شدت کے پیش نظر شہریوں کے لیے احتیاطی ایڈوائزری جاری کردی۔
سموگ مانیٹرنگ سسٹم کے مطابق صبح 9 بجے لاہور کا فضائی معیار (AQI) 123 ریکارڈ کیا گیا جو معتدل درجے پر ہے۔ ٹریفک کے زیادہ دباؤ کے باعث فضائی آلودگی میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق درجہ حرارت میں کمی اور دھوئیں کے اخراج کے باعث آلودگی زمین کے قریب جمع ہوتی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ’’کلین اینڈ گرین پنجاب‘‘ کے ویژن میں حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سموگ کنٹرول کے لیے جامع پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک رش کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس اور ماسک کے استعمال سے آلودگی میں کمی ممکن ہے۔
محکمہ ماحولیات نے ہدایت کی ہے کہ طویل سگنل پر گاڑیوں کے انجن بند رکھے جائیں، فضول ایندھن کے استعمال سے گریز کیا جائے، موٹر سائیکل سوار خصوصی ماسک استعمال کریں۔ تعلیمی اداروں اور دفاتر کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ رش کم کرنے کے لیے اوقات کار میں معمولی ردوبدل کریں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں پر مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos