فرانس کے شہر لیون میں ایک شخص کو اپنے گھر کے باغیچے میں سوئمنگ پول کھودتے ہوئے لاکھوں ڈالر مالیت کے سونے کے بسکٹ اور سکے مل گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، نیوویل سور کے رہائشی اس فرانسیسی شخص نے اپنے گھر کے پچھلے حصے میں سوئمنگ پول بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور کھدائی خود شروع کی۔ دورانِ کھدائی اسے پلاسٹک کے تھیلوں میں بند پانچ سونے کے بسکٹ اور متعدد سکے ملے جن کی مالیت تقریباً 8 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
یہ غیر معمولی دریافت دیکھ کر شہری حیران رہ گیا اور اس نے فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل افیئرز کو اطلاع دی۔ حکام کے مطابق ابتدائی معائنے کے بعد یہ طے پایا کہ سونا کسی قدیم آثار یا تاریخی خزانے کا حصہ نہیں، لہٰذا شہری کو فی الحال یہ سونا اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ قیمتی خزانہ وہاں کیسے دفن ہوا، جبکہ زمین کا پہلا مالک اب انتقال کر چکا ہے۔ مقامی اخبار لی پروگریس کے مطابق یہ خزانہ پلاسٹک بیگز میں محفوظ حالت میں زمین کے اندر دفن تھا۔
یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، جہاں صارفین اس فرانسیسی شہری کو "سب سے خوش قسمت سوئمنگ پول ڈِگر” قرار دے رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos