فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مسلح افواج کیخلاف بیانات  کی مذمت

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مسلح افواج کے خلاف بیانات  کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ہمارے بہادر سپاہی صوبے کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فوج کے عزائم پر سوال اٹھانا حوصلے اور  قومی سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن عوام کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے ہوتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ سیاست کو قومی سلامتی کے اداروں کو کمزور کرنے کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔

انھوں نے کہاکہ تمام سیاسی قوتوں کو دیرپا امن کے لیے مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے،احتساب کا اصل فیصلہ عوام آئندہ انتخابات میں کریں گے۔

وزیر اعلیٰ کے بیانات ریاستی اداروں کی تضحیک ہیں،پشاور بار

پشاور بار ایسوسی ایشن کے صدر قیصر زمان ایڈووکیٹ نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے اُس غیر ذمہ دارانہ اور توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے یہ کہا کہ ہماری مسجدوں میں سکیورٹی فورسز کتے باندھتے تھے، اور ہمیں کہتے تھے کہ یہ کتے اور آپ ایک ہی چیز ہیں۔

صدر پشاور بار نے کہا کہ اس قسم کے بیانات نہ صرف ریاستی اداروں کی تضحیک ہیں بلکہ مساجد جیسے مقدس مقامات کے احترام کو مجروح کرتے ہیں۔ ایسے غیر سنجیدہ، اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیانات کا مقصد صرف عوام کو گمراہ کرنا، اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا اور صوبے میں انتشار پیدا کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ فی الفور اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگیں.

بار ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ وکلا برادری ہمیشہ آئین، قانون اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے، اور کسی بھی ایسے بیان یا عمل کی شدید مذمت کرتی ہے جو قومی وحدت اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچائے۔

کابینہ پشاور بار ایسوسی ایشن نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ طرزِ گفتگو ان کے منصب کے شایانِ شان نہیں، اور اس سے صوبے میں انتشار اور بدامنی کو فروغ مل سکتا ہے۔

پشاور بار ایسوسی ایشن سمجھتی ہے کہ وزیر اعلیٰ جیسے عہدے پر فائز شخص کو ذمہ داری، بردباری اور آئینی تقاضوں کے مطابق بات کرنی چاہیے اور ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کے انتظامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ انتشار پیدا کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ غیرذمے دارانہ الفاظ واپس لیں،خیبر یونین آف جرنلسٹس

خیبر یونین آف جرنلسٹس  نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر شدید ردِعمل طاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ  شہدا کی قربانیوں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا قابلِ مذمت ہے

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے کہاکہ شہدا کے لہو اور عبادت گاہوں کے احترام پر سوال اٹھانا افسوسناک ہے۔

یونین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات اداروں کے خلاف اشتعال اور نفرت بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ غیرذمے دارانہ الفاظ واپس لیں۔

یونین آف جرنلسٹس نے کہ شہدا اور ان کی قربانیوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے،یونین کا واضح پیغام ہے کہ قومی سلامتی اور عوامی یکجہتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔