لیری۔فائل فوٹو

برطانوی وزیراعظم کے سرکاری بلے کی کہانی فلم کیلئے تیار

چودہ سال سے برطانوی وزیراعظم کی رہائش اوردفتر 10ڈائوننگ سٹریٹ کا ایک مکین اور سٹاف ممبرلیری(Larry) بھی ہے۔ لیری نے اب تک 6وزرائے اعظم کو یہاں آتے جاتے اور کام کرتے دیکھا ہے۔وہ اب ایک مقبول ہستی بن چکا ہے اور جلد ہی ایک دستاویزی فلم سیریزمیں بھی نظر آئےگا۔

لیری ، جس نے کئی سربراہان حکومت ، صدور اور شہزادوں کو نمبر ٹین کے سیاہ دروازے سے گذرتے ہوئے دیکھا، اس کے لیے یہاں تعینات سیکیورٹی اہل کار باقاعدہ دروازہ کھولتے ہیں۔اس کا سرکاری عہدہ چیف مائوزر آف کیبنٹ آفس(chief mouser of the Cabinet Office) ہے ۔ کیوں کہ یہ ایک بلاہے۔

لیری کوچوہوں سے نمٹنے کے لیے فروری 2011ء میں لایا گیاتھا۔اس وقت ڈیوڈ کیمرون وزیراعظم تھے۔تب لیری کی عمر صرف چار سال تھی۔

18سالہ لیری کا آفیشل گورنمنٹ پیج بتاتاہے کہ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے علاوہ لیری سیکورٹی کا معائنہ کتا اور نیند کے لیے قدیم فرنیچر کی موزونیت کو جانچتا رہتا ہے۔اس کی روزمرہ ذمہ داریوں میں چوہوں کا ’’بندوبست‘‘ کرنا تو شامل ہی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی میں جغرافیہ کے استاد پروفیسر فلپ ہول کا کہناہے کہ کم از کم ایک صدی سے اقتدار کے گلیاروں میں بلیوں کا خیرمقدم کیا جاتا رہا ہے، لیکن لیری ایک مخصوص لقب رکھنے والاپہلا بلاہے ۔

گذشتہ 15سال میں برطانوی سیاست کا منظرنامہ متعدد تبدیلیوں سے گذرا، لیکن لیری ثابت قدم رہا۔آج وہ پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم شخصیت ہے، اس نے اسپاٹ لائٹ کی چکاچوند میں خود کو ایڈجسٹ کیا ہے۔اسے اکثر لائیو نشریات میں دروازے پر صبر کے ساتھ انتظار کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔اب اس کی مقبولیت نے اسے چینل 4کی دستاویزی فلم کے منصوبے کا حصہ بھی بنادیاہے۔

ایک فوٹوگرافرجسٹن این جی، جو نمبر 10کے باہرسال ہاسال سے اپنے پیشہ ورانہ صحافتی فرائض کی انجام دہی کے لیے اکثر موجود ہوتا ہے، لیری کا گہرا دوست بن چکا ہے۔

 

جسٹن کے مطابق صحیح وقت پر ظاہر ہونے اور پوز کرنے کی بے مثال صلاحیت نے اسے سب کے لیے بہت پیارابنادیا ہے۔جوں ہی سڑک پر کسی سرکاری دورے کی ہلچل ہو وہ بلاتاخیروہاں پہنچ جاتا ہے، کیوں کہ اسے سرخ قالین بہت پسند ہے۔

سابق امریکی صدر براک اوباما اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی، ایسے عالمی رہنما ہیں جن کو اس نے اپنی طرف متوجہ کیا ۔

لیری کی عوامی مقبولیت بھی حیرت انگیز ہے۔سوشل میڈیاپر اس کے لیے بنے ایک اکائونٹ پر فالوورزکی تعدادساڑھے 8لاکھ سے زائد ہے۔

وہ لوگ جو اسے کھانا کھلاتے ہیں یا علاج لے کر جاتے ہیں لیری کے پسندیدہ ہیں۔

وہ ایک سربرآوردہ بلا ٹاپ کیٹ ہے۔البتہ اسے نکتہ چینی اورتنقید کا بھی سامنا رہتاہے۔
نیو اسٹیٹس مین کے پولیٹیکل ایڈیٹر، اینڈریو مار نے حال ہی میں لیری کو "بہت موٹااورکاہل قرار دیتے ہوئے، اس پر مفت کی روٹیاں توڑنے کا الزام لگایا۔

 

اس پر لیری کے قریبی ذرائع نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لیری عوام کے پیسے پر نہیں پل رہا، ٹین ڈائوننگ سٹریٹ کا عملہ اس کے لیے کھانے پینے کا انتظام اوراخراجات کرتاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔