اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز، وفاقی وزراء شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ میں27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں اتحادی جماعتوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹرز شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کےحق میں ووٹ کی درخواست کی، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی ہدایت اللّٰہ اور سینیٹر ارباب عمر فاروق بھی عشائیے میں شریک تھے۔
وزیر اعظم شہبازشریف کا شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ صدر مملکت آصف زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں، تمام اتحادی جماعتوں نے اِس قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی، ملک کے وسیع مفاد اور صوبوں کےدرمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لیے سب نےکوشش کی، گورننس کو بہتر کرنے کے لیے27 ویں آئینی ترمیم پر ہم سب نے مل کر کوشش کی، اِس حکومت کے دوران حاصل کیے گئے تمام سنگ میل حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں۔
وزیراعظم نے سینیٹ میں اتحادی ارکان کو آج صبح ناشتے پر بھی مدعو کیا ہے، وزیراعظم کی جانب سے کل اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتے کا اہتمام کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos