راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 20 خوارج جہنم واصل کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 اور 9 نومبر کو دو مختلف کارروائیاں کی گئیں، پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، آپریشن کے دوران 8 بھارتی حمایت یافتہ جہنم واصل کر دیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے درہ آدم خیل میں دوسری کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج جہنم واصل کئے، علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھیں گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شوال، ضلع شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 20 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور کہا کہ ملک کی حفاظت کی خاطر سکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos