ایران کی طرف سےپاک،افغان مصالحت میں تعاون کی پیش کش دہرائی گئی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے کہا ہے کہ تہران اس مسئلے کو حل کرنے اور مزید کشیدگی کو روکنے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے بغائی کا کہناتھاکہ ایران کی مشرقی سرحدوں پر عدم تحفظ پورے خطے کی سلامتی کو متاثر کر سکتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہناتھاکہ ہمیں صورت حال پر اس لیے تشویش ہے کہ فریقین کے ساتھ ایران کے دیرینہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مراسم ہیں۔
بغائی نے کہاکہ ہم ایک بار پھر اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہیں اور اگر دونوں فریق متفق ہیں تو یقیناً ہم حالات کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔دریں اثناپاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ طالبان سے دوبارہ بات ہوسکتی ہے کیونکہ ہم اپنے دوستوں کو انکار نہیں کرسکتے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ترکیہ کے وفدکی آمد ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے،۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دوستوں کو کوئی امکان نظرآیاہے تو وہ رابطہ کر رہے ہیں ،اس لیے بات ہوسکتی ہے، اگر ہمارے دوست کابل سےکوئی چیز حاصل کرنےکے بعد آفرکر رہے ہیں تو ہم بھائیوں کوانکار نہیں کرسکتے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ طالبان زبانی کلامی مسائل مانتےتھےمگر لکھ کردینےکو تیار نہیں تھے، کابل کی حکومت ایک اکائی نہیں ۔
وزیر دفاع نے مزید کہاکہ جب کابل میں طالبان کامیاب ہوئے تو میں نےجو بیان دیا اس پرپچھتاوا ہے۔
سابق امریکی خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاک ،افغان امن سمجھوتہ طے پانے کی امیدظاہر کی ہے۔
زلمے نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ مزید تنازعات کو روکنے کے لیے دونوں ملکوں میںمعاہدہ ہوسکتا ہے اور جنگ سے گریز کیا جائے گا۔ایکس پر پوسٹ میں ان کا کہناتھاکہ اس حوالے سے ترکیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
ترکیہ کے سینئر حکام کا ایک وفد رواں ہفتے اسلام آباد کا دورہ کرنے والا ہے۔ اس دورے کا مقصد کابل اور اسلام آباد کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔
اتوار کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا تھا کہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ، وزیرِ دفاع اور انٹیلی جنس چیف اسلام آبادجائیں گے تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر بات چیت کی جا سکے۔
افغان ٹی وی طلوع نیوزکے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔
یادرہے کہ قطر اور اس کے بعد استنبول میں پاکستان اور افغانستان کی طالبان حکومت کے وفود کی سطح پر بات چیت کے کئی ادوار ناکام رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos