شیخ رشید کو عمرہ سے روکنے پر وفاقی حکومت کو نوٹس

 

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے سے روکنے کے معاملے پر عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا اور ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو 18 نومبر کو جواب سمیت عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی۔

عدالت نے توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ذمہ دار پایا گیا، اسے سزا یا جزا دی جائے گی۔ سماعت کے دوران جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ معاملہ سنگل بینچ کا تھا، اسے ڈویژن بینچ کے سامنے کیسے لایا گیا، لہٰذا کیس کو دوبارہ سنگل بینچ میں مقرر کیا جائے۔

سماعت کے موقع پر شیخ رشید خود بھی عدالت میں موجود تھے۔ ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے واضح حکم دیا تھا کہ شیخ رشید کو عمرہ پر جانے دیا جائے، لیکن ایئرپورٹ پر ایف آئی اے اہلکاروں نے انہیں روک دیا، جو عدالتی حکم کی کھلی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت ہے۔

عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے اگلی سماعت 18 نومبر کو مقرر کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔