شکارپور: گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ، 5 افراد جاں بحق

 

شکارپور: شکارپور کے نواحی علاقے ٹاؤن چک کے قریب گوٹھ بیچانجی میں ایک گھر پر راکٹ لانچر سے حملے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس حکام کے مطابق بڈانی قبیلے کے مسلح افراد نے شر قبیلے کے گھر کو گھیرے میں لے کر راکٹ لانچر فائر کیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ جاں بحق افراد میں گھر کے مالک عبدالخالق شر، اس کے دو بیٹے خالد اور راجا شر، بھائی عبدالستار شر اور مہمان عبدالجبار شر شامل ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حملہ دیرینہ قبائلی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

لاشیں ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔