اسلام آباد: سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ سول انٹیلیجنس ایجنسی کی کارروائی کے بعد دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا جبکہ ہینڈلر خیبرپختونخوا سے گرفتار ہوا۔ حملے سے قبل دونوں ملزمان نے متعدد بار ریکی کر کے منصوبہ بندی مکمل کی تھی۔ سہولت کار کو ڈھوک پراچہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ راولپنڈی کینٹ کے اہم مقامات کی ریکی کرتا رہا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ خودکش بمبار افغانستان سے تعلق رکھتا تھا اور ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ پاکستانی زبان یا کرنسی سے واقف نہیں تھا۔ بمبار اسلام آباد میں مختلف موٹر سائیکلوں پر سفر کرتا رہا اور کرایہ دینے میں دشواری کا سامنا کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کچہری پر ہونے والے حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos