قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2025 اور پاکستان نیوی و ایئرفورس ترمیمی بلز 2025 کثرت رائے سے منظور کر دیے ہیں، جس کے بعد آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی او) کے عہدے پر فائز ہوں گے اور عہدے کی مدت پانچ برس ہوگی۔
پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت بری فوج کے سربراہ کو تینوں افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس بنا پر تینوں مسلح افواج کے ایکٹ آئینی ترمیم سے ہم آہنگ بنانے کیلئے ان میں ترمیم کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں جمعرات کے روز حکومت کی جانب سے چار بل پیش کیے گئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025، پاکستان آرمی ترمیمی بل 2025 اور پاکستان ایئرفورس ترمیمی بل 2025 پیش کیے، جو کثرت رائے سے منظور ہو گئے۔
جمعہ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی کی صدارت ہوا۔ اجلاس میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان آرمی ترمیمی بل 2025 پیش کیا اپوزیشن نے بل کی مخالفت کی جس کے بعد کثرات رائے سے بل کو منظور کیا گیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان ائیر فورس ترمیمی بل 2025 پیش کیا جس کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025 پیش کیا جس کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔
وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔ وزیر فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینزد فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل 2025 پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos