برطانیہ،پناہ گزینوں کے لیےبڑا فیصلہ،مستقل رہائش کیلئے 20 سال انتظار

لندن  (اُمت نیوز)برطانیہ کی حکومت نے سیاسی پناہ حاصل کرنے والے افراد کے لیے مستقل رہائش حاصل کرنے کی مدت بڑھا کر 20 سال کر دی ہے۔ ہوم سیکرٹری شبانہ محمود کے مطابق پناہ گزین پہلے صرف عارضی طور پر ملک میں رہ سکتے ہیں اور اب انہیں مستقل رہائش کے لیے طویل انتظار کرنا ہوگا۔

حکومت نے اس اقدام کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن کے آمد کو روکنا اور سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانا قرار دیا ہے۔ اس کے تحت جو لوگ چھوٹی کشتیوں کے ذریعے ملک میں داخل ہوں گے، انہیں صرف عارضی طور پر رہائش کی اجازت دی جائے گی اور ان کی پناہ گزین حیثیت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔

فی الحال پناہ گزین پانچ سال کے لیے رہائش حاصل کرتے ہیں، جس کے بعد وہ مستقل رہائش کی درخواست دے سکتے ہیں۔ نئے منصوبے کے تحت ابتدائی مدت کو ڈھائی سال کر کے جائزہ لیا جائے گا، لیکن مستقل رہائش حاصل کرنے میں مجموعی وقت 20 سال ہو جائے گا۔

شبانہ محمود نے کہا کہ یہ اصلاحات غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرنے کے لیے کی گئی ہیں تاکہ ملک کو متحد رکھا جا سکے۔

تاہم پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے حکومت کی پالیسی کو سخت اور غیر ضروری قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ان لوگوں کو نہیں روک سکے گی جو ظلم، جنگ یا تشدد سے بچ کر پناہ لینے آ رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔