وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پررائے شماری آج ہوگی

 

آزاد کشمیر میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہوگی۔ اسمبلی کا اجلاس مظفرآباد میں دوپہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں رائے شماری کے عمل کی نگرانی بھی کی جائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے 35 سے زائد ووٹ ملنے کا امکان ہے۔ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے تو فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیرِ اعظم کے طور پر منتخب ہوں گے، جبکہ موجودہ اسمبلی کے دوران یہ چوتھی تبدیلی ہوگی۔

تحقیقاتی اور سیاسی مبصرین کے مطابق رائے شماری میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، اور اس دوران اسمبلی میں موجودہ ووٹنگ ریکارڈنگ سسٹم اور قواعد کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔ عوام اور سیاسی حلقوں کی نظریں مظفرآباد اسمبلی کی کارروائی پر مرکوز ہیں، کیونکہ یہ عمل آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

اس وقت ریاستی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کچھ ایسے ہے کہ پیپلز پارٹی کی 17، مسلم لیگ (ن) کی 9، پی ٹی آئی کی چار، پی ٹی آئی فاروڈ بلاک (بیرسٹر سلطان گروپ) کی سات، پی ٹی آئی وزیراعظم انوار گروپ کے پاس آٹھ، مہاجرین گروپ کے پاس چار جبکہ مسلم کانفرنس، جے کے پی پی اور علمائے مشائخ کے پاس ایک، ایک نشست ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔