آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

 

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے لی۔

تقریبِ حلف برداری میں گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، ارکانِ اسمبلی، اعلیٰ سول قیادت اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم فیصل راٹھور نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کا دفاع کر رہی ہیں۔

فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر عوام کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد 36 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی، جب کہ مخالفت میں صرف دو ووٹ ڈالے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔