بٹ کوائن کی قیمت 90 ہزار ڈالر سے نیچے، کرپٹو کا کھیل ختم؟

دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت منگل کے روز 90 ہزار ڈالر کی حساس حد سے نیچے آگئی، جو کرپٹو مارکیٹ میں سات ماہ بعد اتنی بڑی کمی ہے۔ اگرچہ بدھ کو قیمت میں معمولی اضافہ ہوا تاہم بڑی کمی اشارہ دیتی ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد تیزی سے متزلزل ہو رہا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی نے رواں سال کے تمام 2025 کے منافع مٹا دیے ہیں۔ اب وہ اکتوبر میں اپنے 126 ہزار ڈالر کی بلند ترین سطح سے تقریباً 30 فیصد نیچے ہے۔ ایشیائی مارکیٹس میں اس کی قیمت 89,953 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ ہفتے 98 ہزار ڈالر کی اہم سپورٹ توڑنے کے بعد مزید دباؤ کا شکار ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا میں آئندہ ممکنہ شرح سود میں کمی سے متعلق غیر یقینی صورت حال اور عالمی مارکیٹوں میں دباؤ نے بٹ کوائن جیسے رسک اثاثوں پر براہِ راست اثر ڈالا ہے۔

ہانگ کانگ ویب 3 ایسوسی ایشن کے شریک سربراہ جوشوا چو نے کہاکہ تیزی سے فروخت اس لیے بھی بڑھی ہے کہ وہ کمپنیاں اور ادارے جو ریلی کے دوران بڑی مقدار میں کرپٹو میں داخل ہوئے تھے، اب پوزیشنز ختم کر رہے ہیں، جس سے مارکیٹ میں شدید دباؤ اور پھیلتی ہوئی بے یقینی بڑھ رہی ہے۔ جب سپورٹ کمزور پڑتی ہے اور میکرو غیر یقینی بڑھتی ہے تو اعتماد بہت تیزی سے ٹوٹ جاتا ہے۔”

کرپٹو سے منسلک اسٹاکس بھی دباؤ میں

بٹ کوائن کی گراوٹ کا اثر بڑے کرپٹو اسٹاکس پر بھی پڑا ہے۔ مائیکرو اسٹریٹیجی، رائٹ پلیٹ فارمز، مارا ہولڈنگز اور کرپٹو ایکسچینج Coinbase کے شیئرز میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

ایشیا کی مارکیٹس مجموعی طور پر کمزور رہیں جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا کے ٹیکنالوجی سیکٹرز میں خاص طور پر شدید دباؤ دیکھا گیا۔

ایتھر بھی بحران کا شکار

ایتھریم کا ایتھر ٹوکن بھی سخت دباؤ میں ہے اور اگست میں $4,955 کی بلندی کے بعد اب تک 40 فیصد تک کی کمی ریکارڈ کر چکا ہے۔ منگل کو یہ 1% کمی کے ساتھ $2,997 پر ٹریڈ ہوا۔

آسٹروناٹ کیپٹل کے سی آئی او میتھیو ڈِب نے خدشہ ظاہر کیا کہ بٹ کوائن 75 ہزار ڈالر تک گر سکتا ہے۔

کیا یہ بڑی معاشی گراوٹ کا اشارہ ہے؟

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تاریخی طور پر بٹ کوائن میں گہری کمی اکثر شیئر بازار میں آنے والی بڑی فروخت سے پہلے نظر آتی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں بھی ایسا ہوا تھا، جب بٹ کوائن کی گراوٹ نے امریکا کی تجارتی پالیسیوں کے اثر سے پیدا ہونے والی اپریل کی مارکیٹ ہلچل کی پیشگی نشاندہی کی تھی۔

کرپٹو مارکیٹ اب اس سوال سے دوچار ہے کہ کیا یہ کمی صرف ایک وقتی جھٹکا ہے یا ایک بڑی مندی کا آغاز؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔