اسلام آباد میں وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس حسن اظہر رضوی نے یوٹیلیٹی کارپوریشن کے برطرف ملازم کی درخواست کی سماعت کے دوران واضح ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کو سیاسی اکھاڑہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے، درخواست گزار آئندہ سماعت سے قبل 27ویں آئینی ترمیم ضرور پڑھیں۔
سماعت کے دوران برطرف سیل مین مزمل رفیق نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کی ایڈوائس پر لاہور ہائیکورٹ میں دائر انٹرا کورٹ اپیل واپس لی تھی، جبکہ یوٹیلیٹی کارپوریشن کے 12 ہزار ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت یہاں صرف درخواست گزار کے کیس کو دیکھ رہی ہے، 12 ہزار ملازمین کے مسائل کو نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ درخواست گزار براہ راست وفاقی آئینی عدالت سے کیسے رجوع کر سکتا ہے، بہتر ہے کسی وکیل سے قانونی مشورہ لے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے یوٹیلیٹی اسٹورز میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں اربوں روپے کے نقصان اور خردبرد کے باوجود ذمہ داروں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کی تیاری کے لیے وقت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos