کینیڈا کے ویزوں میں فراڈ کے انکشاف کے بعد اسلام آباد میں کینیڈین ہائی کمیشن نے پاکستانی شہریوں کیلئے اہم ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ویزہ اور قونصلر خدمات کے نام پر مالی دھوکے کے بڑھتے واقعات سے خبردار کیا گیا ہے۔
اوٹاوا سے جاری تفصیلات کے مطابق امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (آئی آر سی سی) نے پاکستانیوں کو آگاہ کیا کہ کینیڈین قانون کے تحت ہر رہائشی کو حقوق اور آزادیاں حاصل ہیں، تاہم دھوکے سے بچنے کیلئے محتاط رہنا ضروری ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ ایک شخص نے گوگل میپس پر جعلی نمبر درج کر کے شہریوں سے قونصلر یا ویزا اپائنٹمنٹ کیلئے 250 سے 450 یورو تک وصول کرنے کی کوشش کی، جس پر ہائی کمیشن نے فوراﹰ خبردار کر دیا۔
آئی آر سی سی نے واضح کیا کہ ان کے امیگریشن افسر کبھی بھی ای میل، فون یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے ادائیگی نہیں مانگتے، اگر کوئی نمائندے کے نام پر ایسی درخواست کرے تو یہ دھوکے کا واضح اشارہ ہے۔ ادائیگی صرف سرکاری پورٹل کے ذریعے آن لائن کی جانی چاہیے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ کینیڈا پہنچنے کے بعد غیر ملکیوں کو مختلف اقسام کے فراڈ کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔ آئی آر سی سی نے یاد دہانی کرائی کہ کینیڈا کی نوکری، ویزہ یا مستقل رہائش کی کوئی بھی ضمانت نہیں دے سکتا، صرف سرکاری طور پر تعینات امیگریشن افسر فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
ادارے نے بتایا کہ تمام فیسیں دنیا بھر میں یکساں ہیں اور مقامی کرنسی میں ادائیگی سرکاری زرِ مبادلہ کی شرح کی بنیاد پر ہوتی ہے لیکن مقدار وہی رہتی ہے جو کینیڈین ڈالر میں مقرر ہے۔
ایڈوائزری کے آخر میں شہریوں سے کہا گیا کہ مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوراً اطلاع دیں تاکہ مزید افراد دھوکے کا شکار نہ ہوں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos