دبئی: پاکستان کی تاریخی کامیابی ، فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر کی اونچی اڑان، دبئی ایئرشو میں بھارتی پائلٹس پاکستانی پویلین پہنچ گئے۔
پاکستانی پائلٹس کی طرف سے چائے کی پیشکش، بھارتی اہلکاروں نے جے ایف 17 کے ساتھ سیلفیاں لیں ۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں پاک فضائیہ کا دستہ اپنے سربراہ کی قیادت میں جاری ایئرشو میں موجود ہے جہاں پاکستانی ساختہ جے ایف 17 تھنڈر کے چرچے ہورہے ہیں۔
رواں سال مئی میں بھارت کو دھول چٹانے اور رافیل جیسے جدید طیاروں کو گرانے میں پاکستان کی مدد کرنے والے طیارے کو دیکھنے کیلیے دنیا بھر کے دفاعی و عسکری مبصرین نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔
بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی جے ایف 17 تھنڈر کے فین نکلے اور انہوں نے اس شاندار شاہکار کو دیکھنے کیلیے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔ بھارتی افسران و اہلکاروں کے پہنچنے پر پاکستانی پائلٹس نے انہیں چائے کی پیش کش کی۔
پاکستانی حکام نے موقف اپنایا کہ اگر کوئی بھی مہمان ہمارے پاس آئے تو اس کا خیر مقدم اور استقبال کرتے ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کے فضائی اہلکاروں کی غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی۔بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں نے بالخصوص جے ایف 17 تھنڈر اور دیگر پاکستان کی فضائی دفاعی تنصیبات کے ساتھ تصاویر بنوائیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
دبئی ایئر شو کی تصاویر سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر بعض صارفین اس ملاقات کو پیشہ ورانہ تعلق قرار دیتے ہوئے سراہ رہے ہیں تاہم کچھ صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ پاکستان ایئر فورس کی میدان جنگ میں کامیابیوں اور پیشہ ورانہ برتری کا ثبوت ہے۔

ایک عینی شاہد نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پاکستانی اہلکاروں نے بھارتی پائلٹس سے ملاقات کے بعد انہیں چائے کی پیش کش کی تاہم انہوں نے انکار کیا اور پانی پر اکتفا کیا۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی پائلٹس اور فضائیہ کے اہلکار ڈسپلے ایریا میں جے ایف 17 تھنڈر کے ساتھ ذوق شوق کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھارتی فضائیہ پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔
ایکس پر ایک بھارتی صارف نے طنزیہ سوال کیا کہ ‘پائلٹ ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں لیکن کرکٹرز ہاتھ نہیں ملاسکتے’۔
Pilots can laugh together, but cricketers can't shake hands.
Any Comments, @priyankac19 ..??#Dubaiairshow pic.twitter.com/53wx6ZOsYt
— Dr. Kiran J Patel (@kiranpatel1977) November 20, 2025
فیس بک پر ایک پاکستانی صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘ پاک فضائیہ مہمانوں کے ساتھ پروفیشنل طریقے سے پیش آتی ہے اور انہیں ‘فنٹاسٹک ٹی’ پیش کرنے میں کوئی عار نہیں محسوس کرتی’۔
ہانیہ بتول نامی صارف لکھتی ہیں کہ یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ انڈین ایئر فورس کے افسران جے ایف 17 بلاک تھری تھنڈر کے سامنے تصاویر بنوا رہے ہیں۔’لڑائی صرف آسمانوں پر ہوتی ہے، گرائونڈ پر صرف ایوی ایشن کا جنون ہے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی میں ہونے والی لڑائی کے بعد پاکستان نے انڈیا کے چھ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
دوسری جانب انڈین ایئر فورس نے مئی کی لڑائی کے تین ماہ بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس لڑائی کے دوران انڈیا نے بھی پاکستان کے طیارے تباہ کیے تھے۔
مزید برآں پاکستان نے دوست ملک کے ساتھ جے ایف 17 تھنڈر کی فروخت کے ایم او یو پر دستخط کر دئیے۔ دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی دوست ممالک کے فضائی سربراہان سے سلسلہ وار اعلیٰ سطح ملاقاتیں ہوئیں سربراہ پاک فضائیہ نے متحدہ عرب امارات کے انڈر سیکرٹری برائے دفاع لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی اور کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کا محور اعلیٰ تربیت کے شعبوں میں تعاون کا فروغ، ابھرتی ہوئی ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور آپریشنل ہم آہنگی کے نظام کو مزید موثر بنانا رہا۔ پاکستان ایئر فورس کا دستہ دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔ یہ شرکت پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عالمی فضائی برادری کے ساتھ مضبوط روابط اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کی نمایاں ترجمانی کرتی ہے۔ ایئر شو کے دوران جے ایف17تھنڈر بلاک تھری طیارہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا جہاں دفاعی تجزیہ کاروں، ہوا بازی کے ماہرین و شایقین نے اس میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
جدید ٹیکنالوجی، مضبوط جنگی صلاحیتوں اور معرکہءحق میں اس کی ثابت شدہ عملی کارکردگی نے جے ایف17 تھنڈر کو ایک قابلِ اعتماد اور کم لاگت کثیر المقاصد لڑاکا طیارے کے طور پر مزید نمایاں کیا ہے۔ پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کے باعث مختلف ممالک نے جے ایف17 تھنڈر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف17 تھنڈر کی خریداری سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جو پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور صنعتی تعاون میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے۔ یہ معاہدہ طیارے کی عالمی مقبولیت اور پاکستان کی ایرو اسپیس صلاحیتوں پر مستقل بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos