نیپال میں 16 نومبر کوکنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے والے پاکستانی نوجوان ریپر طلحہ انجم نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ لی۔
پانچ روز قبل طلحہ انجم نے نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرایا اور پھر اس کا دفاع بھی کیا تھا۔
بھارتی پرچم لہرانے پر پاکستانیوں کی جانب سے طلحہ انجم کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔ پاکستانی مداحوں نے طلحہ انجم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، ہمارے اداکاروں اور گلوکاروں پر اپنے دروازے بند کیے تو اُن کے لیے کیسا جذبہ خیر سگالی۔
نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے طلحہ انجم نے بھارتی پرچم لہرانے کے وائرل کلپ سے متعلق سوال کا جواب دیا اور بتایا کہ پرفارمنس کے دوران حاضرین میں موجود ایک شخص کے پاس بھارتی جھنڈا تھا تو اُس نے وہ میرے ہاتھ میں تھما دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پرچم لہرایا نہیں بلکہ اپنے کاندھوں پر رکھ لیا تھا جس کے بعد ویڈیو سامنے آئی تو تنقید شروع ہوگئی۔
طلحہ انجم نے کہا کہ اسٹیج پر صورت حال بہت مختلف ہوتی ہے، جس وقت یہ سب کچھ ہوا میں اپنے مشہور گانے ’کون طلحہ‘ پر پرفارم کررہا تھا اور اس دوران وہاں پر بھارتی ریپر بھی میری سپورٹ کیلیے آئے اور انہوں نے میرا ساتھ دیا۔ اسی دوران پھر حاضرین میں موجود ایک نوجوان نے میرے ہاتھ میں بھارتی پرچم تھمایا۔
طلحہ انجم کے مطابق وہاں صرف ایک بھارتی مداح نہیں تھا، وہاں درجنوں بھارتی مداح تھے، وہ مداح کی جانب سے دیا گیا پرچم لے کر پھینک نہیں سکتے تھے۔
طلحہ نے بتایا کہ وہ ایسا وقت تھا کہ میں نے احتراما اُس مداح کے ملک کا پرچم پکڑ لیا اور پھر شائقین نے شور کیا تو میں نے دوستی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا بھارتی پرچم لہرانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا پھر بھی دل آزاری اور جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر قوم سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔
اینکرنے ان سے سوال کیا کہ انہوں نے کوئی دوا وغیرہ تو نہیں پی رکھی تھی، جس کی وجہ سے وہ ہوش میں نہ رہے ہوں اور انہیں پتا نہ چل سکا ہو کہ ان کے پاس بھارتی پرچم ہے۔
اس پر گلوکار نے کہا کہ وہ بالکل ہوش و حواس میں تھے، انہوں نے کچھ دیر تک بھارتی پرچم کو اپنے کندھے پر رکھا اور پھر لپیٹ کر اسٹیج پر رکھ دیا لیکن سوشل میڈیا پر ان کی مختصر کلپ وائرل ہوئی، جس کی وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کچھ ہی دیر میں بھارتی پرچم واپس رکھ دیا تھا اور دیر تک پرچم کو نہیں لہرایا تھا۔
واضح رہے کہ طلحہٰ انجم نےتنقید کے بعد ایکس پوسٹ پر دوٹوک الفاظ میں لکھاتھاکہ میرے دل میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں۔ میرا فن سرحدوں کا پابند نہیں۔ اگر میں بھارتی پرچم لہرا کر تنازع پیدا کر رہا ہوں، تو ٹھیک ہے ، میں دوبارہ بھی یہی کروں گا۔ مجھے میڈیا، جنگ کو ہوا دینے والی حکومتوں یا پروپیگنڈے کی کوئی پروانہیں۔ اردو ریپ ہمیشہ بے سرحد رہے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos