وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو باضابطہ خط لکھ کر اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتوں میں مبینہ رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جسے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیراعظم سے ملاقاتوں کو روکنا قابلِ قبول نہیں، جبکہ عمران خان کی بہنوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی گئی اور بزرگ خواتین کو جیل کے باہر سڑک پر بٹھایا گیا، جسے غیر انسانی اور غیر اخلاقی اقدام قرار دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے خط میں چار اہم مطالبات بھی کیے ہیں جن میں عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد، بدسلوکی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی، جیل اور پولیس انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کرنا اور ملاقاتوں کے لیے باوقار اور قانونی نظام کا قیام شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے قائد ہیں جن کے مینڈیٹ پر خیبرپختونخوا حکومت قائم ہے۔ وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت فوری ایکشن لے تاکہ سیاسی قیادت اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos