دبئی ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گرنے کے حادثے نے ائیر شو کامزہ کرکراکر دیا۔
جمعہ کو دبئی میں ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔
بھارتی ائیر فورس نے دبئی ائیر شو کے دوران مقامی طور پر تیار ہونے والے لڑاکا طیارے تیجس کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرنے والے طیارے کے پائلٹس کے بارے میں معلومات لی جا رہی ہیں اور یہ پتا لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا یا پھر پائلٹ کی ناتجرکاری کی وجہ سے گرا۔
یہ دبئی میں 19 واں ائیر شو ہے اور اس کی تاریخ میں یہ پہلی بارہے کہ کوئی طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہو۔
انڈین فضائیہ نے بھی اپنے ایک بیان میں دبئی ایئر شو کے دوران اس کا ایک لڑاکا طیارہ گرنے کی تصدیق کی ہے۔حادثے کے نتیجے پائلٹ کی شدید زخموں کے باعث موت ہو گئی ہے۔ انڈین ایئر فورس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تیجس نے مقامی وقت کے مطابق دو بج کر دس منٹ پر مظاہرہ دکھانے کے لیے پرواز بھری لیکن چند ہی لمحوں بعد وہ تماشائیوں کے سامنے گر کر تباہ ہو گیا۔
ایک روز قبل ہی انڈین وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعوؤں کو مسترد کیا تھا جن میں تیجس لڑاکا طیارے سے اسی ایئر شو کے دوران ’آئل لیکیج‘کا الزام لگایا گیا تھا۔
4پوائنٹ 5 جنریشن کا تیجس بھارتی دفاعی صنعت کا مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ ہے جو سنگل سیٹر ڈیزائن پر مبنی ہے۔فضائیہ اور بحریہ اس کا ٹوئن سیٹر ٹرینر ویرینٹ بھی استعمال کرتی ہیں۔
اسےہندوستان ایرناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے تیار کیا ہے، اور یہ ملٹی رول طیارہ ہے ۔اس طیارے نے پہلی بار 2001 میں اڑان بھری تھی البتہ اسے 2015 میں انڈین فضائیہ میں شامل کیا گیا۔
مقامی طور پر تیار کردہ تیجس کی سروس ہسٹری اگرچہ نسبتاً نئی ہے، مگر اس کے باوجود یہ دو بڑے حادثات سے گزر چکا ہے۔
گذشتہ سال جیسلمیر کے مقام پر بھی ایسا ایک طیارہ تباہ ہوا۔اس حادثے کو انجن کے آئل پمپ کی خرابی سے جوڑا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos