اسلام ٓباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "کیمسٹری میں حالیہ رجحانات "کے موضوع پر دو روزہ ساتویں بین الاقوامی کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
اس سال کانفرنس کا مرکزی موضوع ”پائیدار مستقبل کے لیے کیمسٹری: تحقیق سے عملی اثرات تک” رکھا گیا تھا جس نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر سائنسی تحقیق کے نئے رجحانات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اختتامی تقریب کی صدارت فیکلٹی آف سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف اپنے تمام مقاصد کے حصول میں کامیاب رہی بلکہ اس نے مستقبل کی تحقیق کے لیے نئی سمتوں کا واضح تعین بھی کیا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملک کی ترقی کے لیے پائیدار سائنسی حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر شیر محمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم بدقسمتی سے اپنے وطن کو اس مقام تک نہیں لے جا سکے جس کا خواب ہم نے دیکھا تھا۔ اگر ہم خود ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے قدم نہیں بڑھائیں گے تو کوئی اور آ کر یہ کام نہیں کرے گا۔ یہ ملک ہمارا ہے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
کانفرنس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے ممتاز محققین، سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم اور صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاسوں میں کیمسٹری کے مختلف شعبہ جات میں جدید تحقیق، اختراعات، تکنیکی ترقیات اور ان کے عملی اطلاق پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شرکا نے انرجی، ماحولیات، میٹیریل سائنس، گرین کیمسٹری، دوا سازی، بائیوٹیکنالوجی اور صنعتی کیمسٹری سمیت متعدد شعبوں میں ہونے والی تازہ پیش رفت کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ڈاکٹر شیر محمد نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر شعبہ کیمسٹری کے چئیرمین، ڈاکٹر محمد شیر اور اُن کی پوری ٹیم سمیت وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو مبارکباد پیش کی۔
اختتامی تقریب سے ڈاکٹر محمد شیر، ہیڈ آف کیمسٹری، پروفیسر ڈاکٹر نجم الحق، پروفیسر باکٹر ارشد محمود قریشی، ڈاکٹر محمد نیم اور ارم جبین نے بھی خطاب کیا۔آخر میں شرکاء اور پارٹنرز آرگنائزیشن میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos