بنوں،سکیورٹی فورسز کا آپریشن،3اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک

 

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور ملحقہ علاقوں میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ تمام آپریشنز میں فورسز اور پولیس کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں ریجن میں متعدد مقامات پر جاری آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے مسلح گروہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور جدید ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔

شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں بڑا آپریشن

شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کی جس میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 5 زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ہلاک کیے گئے دہشتگردوں میں گروہ کے اہم کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں جو پولیس اور سکیورٹی اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔

نصر خیل، ہوید اور ڈومیل میں جھڑپیں

نصر خیل کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کے دوران ایک اور خطرناک دہشتگرد مارا گیا، جبکہ ہوید میں امن کمیٹی اور پولیس سے جھڑپ کے بعد دہشتگرد فرار ہوگئے۔

ڈومیل میں دہشتگردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد 8 گھنٹے طویل آپریشن میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔ اس کارروائی میں معروف دہشتگرد کمانڈر رسول عرف کمانڈر آریانہ بھی ہلاک ہو گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کا خراجِ تحسین

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں ریجن میں مشترکہ آپریشن کرنے والی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا اور دہشتگردوں کا ان کی آخری پناہ گاہوں تک پیچھا جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔