قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں پر ضمنی انتخابات آج بروزاتوار ہورہے ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، عملے کو بیلٹ پیپر ز سمیت انتخابی مواد مہیا کردیا گیا ہے۔
پنجاب کے 2 ہزار 792 پولنگ اسٹیشنز میں سے939 مردانہ، 889 زنانہ، 964 جوائنٹ پولنگ سٹیشنزہیں۔
الیکشن کمیشن نے عوام سے بلا خوف و خطر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی ڈیوٹی کے دوران پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہواہے، پولیس پہلی ،سول آرمڈ فورسز دوسری اور پاک فوج تیسری رسپانڈر ہوگی، فوج انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوگی۔
پنجاب کے 408 پولنگ اسٹیشنزکو انتہائی حساس، ایک ہزار 32 کوحساس قرار دیاگیاہے۔
2024 کے عام انتخابات کے بعد اتنی بڑی تعداد میں یہ پہلے ضمنی انتخابات ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اکتوبر 2025 میں سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے انتخابات موخر کر دیے تھے
ضمنی انتخابات ان حلقوں میں ہورہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقے
این اے 18 (ہری پور)، این اے 96 (فیصل آباد-II)، این اے 104 (فیصل آباد-X)، این اے 143 (ساہیوال-III)، این اے 185 (ڈیرہ غازی خان-II)، این اے 129 (لاہور-XIII)۔
صوبائی اسمبلی کے حلقے
پی پی 73 (سرگودھا-III)، پی پی 98 (فیصل آباد-I)، پی پی 115 (فیصل آباد-XVIII)، پی پی 116 (فیصل آباد-XIX)، پی پی 203 (ساہیوال-VI)، پی پی 269 (مظفرگڑھ-II) اور پی پی 87 (میانوالی-III)۔
پنجاب پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے، سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ووٹرز کو حق رائے دہی کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کانسٹیبلری، پی ایچ پی، ایلیٹ فورس، ایس پی یو، اور ٹریننگ برانچ کے اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، لیڈیز پولنگ اسٹیشنز اور بوتھ پر خواتین پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گی۔
آئی جی کے مطابق ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب پولیس کو رینجرز اور پاک فوج کی مکمل معاونت بھی حاصل ہے۔ڈولفن اسکواڈ، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی سمیت تمام فارمیشنز کو الیکشن سیکیورٹی پلان میں شامل کیا گیا ہے۔
نامزد عسکری و سول افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی جس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی، سنٹرل پولیس آفس، سیف سٹیز اتھارٹی، اضلاع کے کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ رومز سے پولنگ کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
این اے 18 ہری پورمیں مجموعی طور پر 7لاکھ 54 ہزار سے ووٹرزہیں ۔ ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 92 ہزار 415 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 61 ہزار 705 ہے ۔یہاں مجموعی طور پر 604 پولنگ اسٹیشن اور 1906 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، 402 پولنگ سٹیشن حساس اور 42 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
این اے 18 میں سکیورٹی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں،حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر معمول سے زیادہ سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں 24 گھنٹے عملہ موجود ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos