زیارت:دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام،5 افغان دہشتگرد گرفتار

 

زیارت: ضلعی انتظامیہ اور لیویز فورس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں زیارت میں دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افغان دہشتگرد زندہ گرفتار کر لیے گئے، جن کا تعلق قندہار، افغانستان سے بتایا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کو سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ کے قریب حراست میں لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر افسر کے مطابق یہ کارروائی خالصتاً لیویز فورس کی انٹیلی جنس اور فیلڈ ٹیموں کی مہارت کا نتیجہ ہے، جس میں ضلعی انتظامیہ کی مکمل حمایت بھی شامل تھی۔

ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جس میں شامل ہیں:

  • 11 ہینڈ گرینیڈز
  • 15 ایس ایم جی گرینیڈز
  • 3 سب مشین گنز
  • 2 ایم فور رائفلز (پارٹس میں)
  • 9 ایم فور میگزینز
  • 14 ایس ایم جی میگزینز
  • 420 ایس ایم جی راؤنڈز
  • 230 ایم فور راؤنڈز
  • ایک کلو بارودی مواد
  • ایک گرینیڈ لانچر
  • 2 آر پی جی راکٹس
  • 6 وائرلیس سیٹس
  • 4 موبائل فونز
  • ایک ڈگر
  • 13 ایمونیشن بیگز
  • 16 پاور سیلز
  • ایک سوزوکی کیری وین اور ایک موٹر سائیکل
  • کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا لٹریچر

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب آپریشن کو سراہا اور لیویز فورس و ضلعی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ لیویز فورس بلوچستان کے امن و استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی قربانیاں دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش جاری ہے، جس سے صوبے میں مزید دہشتگرد نیٹ ورکس کے بارے میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔ یہ آپریشن بلوچستان میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔