اسٹاک مارکیٹ کے لین دین پر کچھ مذہبی لوگ اپنے تحفظات رکھتے ہیں تاہم اب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی شرعی بنیادوں پر خریدوفروخت کا نظام لانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ بینکاری کے شعبے میں اسلامی بینکوں کے قیام کے بعد یہ اہم قدم ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے بارہ ماہ کے اندر شریعت کے مطابق اسٹاک انڈیکس تیار کرے یا اس مقصد کے لیے کسی تھرڈ پارٹی سے تعاون کرے۔
ایس ای سی پی کے مطابق ان ترامیم کا مقصد مارکیٹ میں شفافیت بڑھانا، سرمایہ کاروں کا اعتماد مستحکم کرنا اور ریگولیٹری نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ اس سلسلے میں تمام فہرست شدہ کمپنیوں کے خلاف ہونے والی کارروائیاں اب پی ایس ایکس کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے ظاہر کی جائیں گی تاکہ سرمایہ کار بہتر فیصلہ سازی کرسکیں۔
نئی ہدایات کے تحت پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر رجسٹرڈ کمپنیوں کو اپنی آمدن، قرضوں، سرمایہ کاری اور دیگر اہم مالی معلومات واضح انداز میں فراہم کرنا ہوں گی۔ اس سے شریعت کی بنیاد پر اسٹاک اسکریننگ مؤثر ہوگی اور صرف وہی کمپنیاں انڈیکس میں شامل رہ سکیں گی جو مقررہ معیار پر پوری اتریں۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ یہ کوشش نہ صرف کمپنیوں کی مالی رپورٹنگ کو معیاری بنائے گی بلکہ شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کے لیے مواقع کو سمجھنا بھی آسان بنائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر اور کھلے مالی انکشافات سے معلوماتی خلا کم ہوگا اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ مزید مضبوط ہوگی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos