پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن (ٹی سی پی) نے بنگلہ دیش کو سپلائی کے لیے ایک لاکھ ٹن لمبے دانے والے سفید چاول (IRRI-6) خریدنے کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جو کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے ”بریک بلک کارگو“ کی شکل میں برآمد کیے جائیں گے۔
ٹینڈر کے مطابق قیمت کی پیشکشیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 نومبر صبح 11:30 بجے ہے، اور کمپنیوں، پارٹنرشپس اور واحد مالکان سے علیحدہ سربمہر بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ چاول تازہ ترین پاکستانی فصل کے اسٹاک سے فراہم کیے جائیں گے اور انسانی استعمال کے لیے موزوں ہونے چاہیے، یعنی ان میں ناگوار بو، پھپھوندی، زہریلے جڑی بوٹیوں کے بیج، کیڑے یا کسی بھی قسم کی آلودگی نہیں ہونی چاہیے۔
بولیاں کم از کم 25 ہزار ٹن اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ٹن (+/- 5 فیصد) کے لیے جمع کرائی جا سکتی ہیں، اور شپمنٹ معاہدہ ملنے کے 45 دن کے اندر تیار ہونی چاہیے۔ رائٹرز کے مطابق تاجروں نے اس ٹینڈر کو پاکستانی چاول کو بنگلہ دیش کی درآمدی سپلائی میں شامل کرنے کی ممکنہ کوشش کے طور پر دیکھا ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ بنگلہ دیش کی حالیہ کچھ خریداریوں کے لیے بھارتی چاول استعمال کیے جائیں گے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش نے فروری میں 50 ہزار ٹن چاول کی درآمد کے ساتھ براہِ راست حکومت سے حکومت (G2G) تجارت کا آغاز کیا تھا۔ گزشتہ ماہ ہونے والے نویں مشترکہ اقتصادی کمیشن (JEC) اجلاس میں پاکستان نے ڈھاکا کو علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو گیٹ وے کے طور پر استعمال کرنے کی پیشکش بھی کی۔
مالی سال 26 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی چاول برآمدات میں 28 فیصد کمی آئی تھی، جس سے شعبے میں تشویش بڑھ گئی تھی، تاہم پاکستان نے اعلیٰ معیار کی مارکیٹوں میں اپنا حصہ برقرار رکھا اور امریکی مارکیٹ میں بھی اپنا حصہ بڑھانے کے مواقع حاصل کیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos