اتفاق رائے ہوا تو 28 ویں ترمیم بجٹ سے پہلے آ سکتی ہے،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر صوبوں اور وفاق کے درمیان اہم مسائل پر اتفاق رائے قائم ہو گیا تو 28 ویں ترمیم بجٹ سے قبل بھی آ سکتی ہے، اور کوشش یہی کی جا رہی ہے کہ یہ عمل مئی تک مکمل ہو جائے۔

رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ جیسے جیسے مختلف اشوز پر اتفاق ہوتا جائے گا، وہ ترمیم کے حصے کے طور پر شامل کیے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر مختلف ترامیم قسطوں کی صورت میں بھی سامنے آ سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ این ایف سی، صوبوں اور وفاق کے درمیان وسائل کی تقسیم، بلدیاتی انتخابات، پاپولیشن، ہیلتھ اور ہائر ایجوکیشن جیسے امور پر اتفاق رائے ضروری ہے۔ جیسے ہی یہ مسائل حل ہوں گے، ترمیم کا اعلان کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے امکانات کے بارے میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے خطرے کی صورت میں ہی قومی تحفظ ہر چیز پر فوقیت رکھے گا، لیکن گورنر راج کے نفاذ کے امکانات کم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن میں صوبائی حکومت کا اتنا عمل دخل نہیں ہے کیونکہ اس کی قیادت مسلح افواج کر رہی ہیں، اور پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان بازی اس سے زیادہ اثر نہیں ڈال سکتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔