فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ایئر پورٹ،دوران لینڈنگ پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

اسلام آباد: اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز لینڈنگ کے دوران ایک سنگین حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کے بروقت اقدامات نے طیارے کو بند رن وے پر لینڈ کرنے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ پرواز جدہ سے اسلام آباد پہنچی تھی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے 28 لیفٹ مرمت کے لیے بند ہے، جبکہ رن وے 28 رائٹ کھلا ہوا ہے اور پائلٹ نے لینڈنگ اپروچ میں غلطی سے بند رن وے 28 لیفٹ کو لینڈنگ کے لیے منتخب کر لیا۔

ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت پائلٹ کو غلط رن وے پر ہونے کی اطلاع دی اور آخر وقت میں لینڈنگ روک کر دوبارہ چکر لگانے کا کہا۔ دوسری کوشش میں بوئنگ 777 طیارے نے درست رن وے پر کامیابی سے لینڈ کیا۔

ذرائع کے مطابق اگر طیارہ بند رن وے پر لینڈ کر جاتا تو سنگین حادثہ پیش آ سکتا تھا کیونکہ رن وے پر بڑی تعداد میں لوگ اور گاڑیاں موجود تھیں۔ طیارے میں سیکڑوں مسافر سوار تھے، جنہیں بروقت اقدامات کی بدولت محفوظ اتارا گیا۔

پی اے اے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔