لاہور کے علاقے لوئر مال میں ایک ٹریکٹر ٹرالی نے دو کانسٹیبلز کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل صفدر موقع پر جاں بحق جبکہ کانسٹیبل محمود شدید زخمی ہو گیا۔ دونوں پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تھے کہ کارپوریشن چوک میں کھڑے ملازمین کو ریت سے بھری ٹرالی نے ٹکر مار دی۔
محمود کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او لوئر مال اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے ٹرالی قبضے میں لے لی اور جاں بحق ہونے والے کانسٹیبل کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔ فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos