قومی اتحاد ہماری بڑی طاقت،دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے،فیلڈ مارشل

 راولپنڈی: نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی علاقائی اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن میں حصہ لیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ علاقائی ماحول تیزی سے بدل رہا ہے، بڑھتی جیوپولیٹیکل مقابلہ آرائی اور ہائبرڈ وار بڑے چیلنجز ہیں، جبکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی اور معلوماتی جنگ نئے محاذ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ قومی سلامتی کے تحفظ میں پرعزم ہیں، جس سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور اپنی صحیح جگہ ضرور پائے گا۔ قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور دشمن کے عزائم ناکام ہوں گے۔ انہوں نے ہر شہری کی حفاظت اور سرحدی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں، اسمگلنگ، منشیات اور منظم جرائم کے خلاف قومی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، ساتھ ہی غیر قانونی افراد کی وطن واپسی اور بارڈر کنٹرول کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔

انہوں نے پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مربوط قومی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔