اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عدالت سے جانے کی اجازت دے دی، قبل ازیں عدالت نے انہیں عارضی عدالتی تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت علیمہ خان نے استدعا کی کہ ہمارے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں ہمیں جانے کی اجازت دی جائے جس پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کریمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہے۔
علیمہ خان عدالت سے باہر نکلیں تو خواتین پولیس اہلکار انہیں تحویل میں لے کر عدالت کے اندر لے گئیں، عدالت نے کہا کہ ملزمہ عدالتی احاطے سے باہر نہ جائیں جبکہ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔
بعدازاں عدالت نے علیمہ خان کو جانے کی اجازت دے دی، عدالت نے علیمہ خان کی جانب سے جمع کرائے گئے 10،10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے منظور کر لئے گئے جبکہ مقدمے میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر 8 گواہوں کو 10،10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
عدالت نے وکلا صفائی کی استدعا پر مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ علیمہ خان کی جانب سے دس، دس لاکھ کے دو مچلکے گزشتہ سماعت پر ضمانت کے حکم کی تعمیل میں جمع کرائے گئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos