ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، تین اہلکار شہید،دو حملہ آور ہلاک

ہنگو: قاضی تالاب کے علاقے میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کے مطابق دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں اچانک فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں حوالدار واحد شاہ، کانسٹیبل عبدالصمد اور کانسٹیبل حکمت شاہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ دو گھنٹے تک جاری رہا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ مقابلے میں دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرار شدہ عناصر کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے۔

واقعے کے بعد ضلع بھر کے حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ شہداء کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے خاتمے تک مذکورہ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔