ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر مشاورت جاری ہے اور دونوں ممالک اس کا باہمی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا۔
ترجمان نے متحدہ عرب امارات سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے پاکستان کے حوالے سے نہ کوئی نئی پابندی عائد کی ہے اور نہ ہی کوئی نئی قانون سازی کی گئی ہے۔
ترجمان نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ متنازعہ بیان کو نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان عالمی قوانین کی پاسداری سے متعلق اداروں میں الارم کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ قیام پاکستان میں پہلا صوبہ تھا جس نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا، لہٰذا بھارت کو اشتعال انگیز بیانات سے باز رہنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو آف لوڈ کرنے سے متعلق بھی کوئی ہدایات یا درخواست پاکستان کو موصول نہیں ہوئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos