بھارتی سیکریٹری دفاع راجیش کمار نے واضح کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے آئندہ دورۂ بھارت کے دوران دفاعی معاملات پر کسی بڑے اعلان کی توقع نہیں کی جا رہی۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ایس-400 دفاعی نظام سے متعلق بھی کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہوگی۔ تاہم بھارت روس کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دے گا۔
راجیش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکومت روس سے ایس-400 سسٹم کی ترسیل میں تاخیر پر باضابطہ وضاحت طلب کرے گی۔ ملاقات میں اضافی ایس-400 یونٹس کے ممکنہ آرڈر پر بھی گفتگو ہو سکتی ہے، مگر اصل توجہ ہتھیاروں اور دفاعی ساز و سامان کی ڈیلیوری میں تاخیر کے مسئلے کے حل پر رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ زیرِ التوا دفاعی سپلائیز کی نئی ٹائم لائنز طے کرنا بھی بھارتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 4 سے 5 دسمبر تک بھارت کا دورہ کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos