یومیہ 1 لاکھ لیٹر مضرصحت دودھ کی ملک گیرسپلائی میں ملوث فیکٹری پکڑی گئی

ہری پور کے حطار انڈسٹریل زون میں مصنوعی دودھ کی تیاری میں ملوث ملک گیر نیٹ ورک کو ختم کر دیا گیا، تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ یہ گروہ مبینہ طور پر پنجاب اور کئی دیگر صوبوں میں ملاوٹ شدہ دودھ سپلائی کرتا تھا۔

رات گئے چھاپے کے دوران حکام نے لاکھوں لیٹر جعلی اور مضر صحت دودھ تیار کرنے کے الزام پر ایک فیکٹری کو سیل کر دیا۔ جائے وقوعہ سے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے غذائی دہشت گردوںکو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل واصف سعید کے مطابق خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے انٹیلی جنس اطلاع پر ایک بڑے آپریشن کے دوران جعلی، ملاوٹ شدہ اور غیر محفوظ دودھ کی تیاری میں ملوث نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز یوسف اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبدالستار شاہ نے فوڈ سیفٹی کی خصوصی ٹیم کی مدد سے احاطے پر چھاپہ مارا اور ملزمان کو فیکٹری کے اندر سے رنگے ہاتھوں پکڑا گیاجن کا تعلق بہاولنگر، پنجاب سے ہے –
ڈی جی سعید نے وضاحت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) کی سخت کارروائی کے بعد، بدنام زمانہ گروپ نے اپنی کارروائیوں کو خیبرپختونخوا منتقل کر دیا تھا، جہاں اسے پکڑ لیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کریک ڈاؤن کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ ہوئی اور بعد میں خیبرپختونخوا فوڈاتھارٹی نے اس پر کارروائی کی۔

فیکٹری سے بڑی مقدار میں کیمیکل، خام مال اور مصنوعی دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری برآمد ہوئی ہے۔ غیر محفوظ دودھ سے بھرے ٹینکرز کو بھی قبضے میں لے کر تلف دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فیکٹری غیر قانونی طور پر کام کر رہی تھی اور ملاوٹ شدہ دودھ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں میں سپلائی کر رہی تھی۔ یہ نیٹ ورک مبینہ طور پر روزانہ تقریباً 1لاکھ لیٹر مصنوعی دودھ تیار اور تقسیم کر رہا تھا، جس سے صحت عامہ کو شدید خطرہ لاحق تھا۔

کارروائی کے دوران فیکٹری کو سیل کر دیا گیا، منیجر اور دیگر دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، تمام مشینری سرکاری تحویل میں لے لی گئی۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی جی نے مزید بتایا کہ ہری پور فوڈ اتھارٹی کی ڈسٹرکٹ ٹیم کو غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ صحت عامہ کو خطرے میں ڈالنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور سخت سزائیں ایسے غذائی دہشت گردوں کا انتظار کررہی ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔