کوٹلی ستیاں کی خاتون کو 39 سال بعد انصاف کیسے ملا؟

کوٹلی ستیاں کی بزرگ خاتون زیتون بی بی کووراثتی جائیدادکے مقدمے میں سول عدالت سے 39 سال بعد انصاف مل گیا۔ تقریباً چار دہائیوں تک بیوروکریسی، تحصیلداروں اور پٹواریوں نے انہیں اور ان کے خاندان کو تنگ کیا اور پیسے بٹورتے رہے۔ آخر کار، دیپالپور سے حال ہی میں ٹرانسفر ہوکرآنے والے سول جج ندیم اصغر ندیم نے تمام عدالتی اختیارات کے تحت انصاف یقینی بنایا۔

نئے جج نے عدالت کے احکامات کی بار بار خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیا اور 8اعلیٰ افسران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔انہوں نے حکم دیا کہ سب کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کی تنخواہیں روک دی جائیں۔

1986 میں زیتون بی بی کو اپنی زمین سے محروم کر دیا گیا تھا۔ نومبر 2025 میں انہوں نے اپنا قانونی حق دوبارہ حاصل کر لیا۔ وہ اپنی زمین کے جعلی میوٹیشنز کی منسوخی کے لیے سول عدالت گئی تھیں۔ دونوں جانب کے گواہان کوسننے کے بعد عدالت نے فیصلہ جاری کیا۔زیتون بی بی نے ایگزیکیوشن کی درخواست دائر کی، لیکن بار بار گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود حکام فیصلے پر عمل نہ کر سکے۔

کیس کا منظرنامہ اس وقت بدل گیا جب ندیم اصغر ندیم نے راولپنڈی میں ایڈمن سول جج کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی۔ سماعت کے دوران، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاںکی گرفتاری کا حکم دیا، جنہوں نے نرمی کی درخواست کی۔جج نے انہیں ریلیف دیتے ہوئے رہا کر دیا، لیکن اگلی سماعت ہونے تک بھی عدالت کے احکامات پر عمل نہیں ہوا۔ اس کے بعد جج نے اعلیٰ انتظامی افسران کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے اور تنخواہیں معطل کر دیں۔

محکمہ ریونیو کے اہلکاروں نے بالآخر فیصلے پر عمل درآمد کیا۔ زیتون بی بی کی آبائی زمین ان کے وارثوں سمیت منتقل کی گئی، اور جعلی ٹرانسفرز منسوخ کر دیے گئے۔ دو دیگر فیصلوں پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، اور بعد ازاں رہائی دی گئی۔

69 سالہ زیتون بی بی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ 39 سال بعد انصاف پا کر بے حد خوش ہیں۔ اس دوران انہوں اور ان کے بچوں نے بار بار عدالتوں کے چکرکاٹے لیکن امید کبھی نہیں چھوڑی۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں 100 سے زائد ججز تبدیل ہو ئے، اور وہ خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ آخرکار انہیں ریلیف ملا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔